اسٹریٹجک اداروں کو راغب کرنے کے حوالے سے قائم ہانگ کانگ خصوصی انتظامی خطے (ایچ کے ایس اے آر) کی حکومت کے دفتر (او اے ایس ای ایس) نے پیر کے روز ایک دستخطی تقریب منعقد کی۔ تقریب میں اُن 22 نئی اسٹریٹجک کمپنیوں کا خیرمقدم کیا گیا جو ہانگ کانگ میں اپنے کاروبار کا آغاز کر رہی ہیں یا اسے پھیلا رہی ہیں۔
ان میں سے کئی کمپنیوں کی مارکیٹ ویلیو 100 ارب ہانگ کانگ ڈالر (تقریباً 12.76 ارب امریکی ڈالر) سے زائد ہے۔ یہ کمپنیاں زندگی اور صحت سے متعلق ٹیکنالوجی، کم بلندی کی فضائی معیشت، مصنوعی ذہانت، جدید اور خودکار سفری نظام اور ڈیجیٹل مالیاتی ٹیکنالوجی جیسے جدید شعبوں پر مشتمل ہیں۔
او اے ایس ای ایس کے ڈائریکٹر جنرل پیٹر یان نے کہا کہ نئی آنے والی کمپنیوں میں نصف بیرونِ ملک سے ہیں۔ پیچیدہ عالمی حالات کے باوجود ہانگ کانگ بڑی کاروباری کمپنیوں کے لئے بدستور اولین اور نمایاں انتخاب بنا ہوا ہے۔
اس مرحلے میں متعارف ہونے والی اسٹریٹجک کمپنیوں میں ’فائزر کارپوریشن ہانگ کانگ لمیٹڈ‘ بھی شامل ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ کمپنی ہانگ کانگ میں کلینیکل ٹرائلز اور حقیقی دنیا سے متعلق تحقیقی مطالعوں کو وسعت دینے کا منصوبہ رکھتی ہے۔
ہانگ کانگ خصوصی انتظامی خطے( ایچ کے ایس اے آر) کی حکومت کے سیکرٹری مالیات پال چن نے کہا کہ یہ ہانگ کانگ اور کمپنیوں دونوں کے لئے واضح طور پر باہمی فائدوں پر مبنی صورتحال ہے۔ ایک جانب یہ کمپنیاں سرمایہ کاری لاتی ہیں، روزگار کے مواقع پیدا کرتی ہیں اور ایسی جدت فراہم کرتی ہیں جو معاشرے کے لئے فائدہ مند ہوتی ہے۔ دوسری جانب ہانگ کانگ انہیں پلیٹ فارم، رابطہ کاری، مالی وسائل، ہنر مند افرادی قوت اور پیشہ ورانہ معاونت فراہم کرتا ہےتاکہ وہ اپنے کاروبار کو عالمی سطح پر توسیع دے سکیں اور اپنی مکمل صلاحیت کو بروئے کار لا سکیں۔
چن نے مزید کہا کہ وہ مستقبل کی جانب دیکھتے ہوئے مزید اسٹریٹجک کمپنیوں کو راغب کرنے کے اپنے عزم پر مضبوطی سے قائم ہیں۔
اب تک او اے ایس ای ایس نے 120 سے زائد اسٹریٹجک کمپنیوں کو کامیابی سے ہانگ کانگ میں متوجہ کیا ہے۔ مجموعی طور پر یہ کمپنیاں آئندہ برسوں میں تقریباً 73 ارب ہانگ کانگ ڈالر کی سرمایہ کاری لانے اور روزگار کے تقریباً 25 ہزار مواقع پیدا کرنے کا منصوبہ رکھتی ہیں جن میں اعلیٰ سطح کی تحقیق و ترقی اور انتظامی عہدے بھی شامل ہوں گے۔
ہانگ کانگ، چین سے شِنہوا نیوز ایجنسی کے نمائندوں کی رپورٹ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ٹیکسٹ آن سکرین:
ہانگ کانگ میں سرمایہ کاری کے نئے مرحلے کا آغاز
22 اہم کمپنیوں کی شمولیت، نصف کا تعلق دیگر ممالک سے ہے
سرمایہ کاری کے حوالے سے قائم دفتر نے نئی کمپنیوں کا خیرمقدم کیا
120 سے زائد کمپنیوں کو کاروبار کے لئے متوجہ کرنے میں کامیابی
متعدد کی مارکیٹ ویلیو 100 ارب ہانگ کانگ ڈالر سے زائد ہے
مستقبل میں تقریباً 73 ارب ہانگ کانگ ڈالر کی مجموعی سرمایہ کاری متوقع
کمپنیاں جدید ٹیکنالوجی کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کریں گی
روزگار کے تقریباً 25 ہزار نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے
ہانگ کانگ عالمی سرمایہ کاروں کی پہلی ترجیح بن گیا


