ہومپاکستان25کلو واٹ یا کم سولر صارفین کیلئے فیس ختم کی جائے، پاور...

25کلو واٹ یا کم سولر صارفین کیلئے فیس ختم کی جائے، پاور ڈویژن

پاور ڈویژن نے نیپرا سے پروزیومر ریگولیشنز 2026 کے چند اہم پہلوئوں پر فوری نظرثانی کا مطالبہ کردیا ہے۔

جاری اعلامیہ کے مطابق پاور ڈویژن نے موقف اختیار کیا ہے کہ 25کلو واٹ یا اس سے کم سولر صارفین کیلئے فیس ختم اور لائسنس کی شرط بھی ختم کرنے پر نظرثانی کی جائے، پاور ڈویژن اس سے قبل بھی فیصلوں کے ممکنہ منفی اثرات سے نیپرا کو آگاہ کر چکا ہے اور درخواست کی تھی کہ اس معاملے کو پرانے ریگولیشنز کے مطابق رکھا جائے، نئی تبدیلیوں کے باعث چھوٹے پیمانے پر صارفین میں قابل تجدید توانائی کے فروغ کی رفتار سست ہو سکتی ہے۔

پاور ڈویژن کے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ 2015 کے ضوابط کے تحت 25 کلو واٹ یا اس سے کم کے نظام کیلئے نیپرا سے لائسنس درکار نہیں تھا اور اس زمرے کی درخواستیں تقسیم کار کمپنیوں کے ذریعے بغیر کسی فیس کے پراسیس کی جاتی تھیں تاہم نئے پروزیومر ریگولیشنز کے تحت چھوٹے سولر پلانٹس کی منظوری کا اختیار بھی نیپرا کو دیدیا گیا ہے اور اپلی کیشن فیس بھی عائد کر دی گئی ہے جس پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے، پرائیویٹ پاور اینڈ انفرا اسٹرکچر بورڈ نے بھی تبدیلیوں پر تحفظات کا اظہار کیا تھا اور مطالبہ کیا تھا کہ 25 کلو واٹ یا اس سے کم کے نظاموں کیلئے پرانے منظوری کے نظام کو برقرار رکھا جائے۔

پاور ڈویژن نے زور دیا ہے کہ چھوٹے سولر سسٹمز کیلئے پرانے طریقہ کار کو بحال کیا جائے کیونکہ موجودہ نظام قومی سطح پر قابلِ تجدید توانائی کے فروغ کی کوششوں میں رکاوٹ بن سکتا ہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں