واشنگٹن (لارڈ میڈیا): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی سے درخواست کی ہے کہ وہ روسی ڈیزل ریفائنریوں پر حملے بند کریں، کیونکہ ان حملوں کے باعث تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ٹرمپ نے آئرلینڈ سے واشنگٹن ڈی سی واپسی کے دوران ایئر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روسی ایندھن کی پیداوار میں رکاوٹ عالمی سپلائی کو متاثر کر رہی ہے۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ان کے لئے مسئلہ یہ ہے کہ بہت زیادہ ڈیزل روس سے آتا ہے اور روسی پلانٹس یوکرین کے حملوں سے متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے صدر زیلنسکی سے کہا ہے کہ وہ ڈیزل پلانٹس اور ریفائنریوں کو نشانہ نہ بنائیں۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ روسی ڈیزل کو مارکیٹ میں لانے میں مشکلات کی وجہ سے قیمتیں بڑھ رہی ہیں، اور یہ ایک ایسا معاملہ ہے جس نے دنیا کو نقصان پہنچایا ہے۔ ہمیں اس صورتحال کو روکنا ہوگا۔


