باغ (لارڈ میڈیا) آزاد کشمیر انتخابات کے تیسرے مرحلے میں ضلع باغ کے حلقہ ایل اے 14 میں ایک بڑا سیاسی الٹ پھیر ہوا، جہاں سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق، عوام دست و بازو پارٹی کے امیدوار ساجد عباسی نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی۔ ساجد عباسی نے 40 ہزار 702 ووٹ حاصل کیے جبکہ سردار عتیق خان نے 19 ہزار 542 ووٹ حاصل کیے۔
دیگر حلقوں میں بھی پیپلز پارٹی کی برتری نمایاں رہی۔ ایل اے 17 حویلی میں پیپلز پارٹی کے فیصل راٹھور نے 31 ہزار 839 ووٹ لے کر مسلم لیگ ن کے محسن عزیز کو شکست دی، جنہوں نے 28 ہزار 975 ووٹ حاصل کیے۔
اسی طرح ایل اے 15 باغ میں پیپلز پارٹی کے سردار ضیاء القمر 17 ہزار 27 ووٹ لے کر آگے ہیں، جبکہ مسلم لیگ ن کے مشتاق منہاس 15 ہزار 63 ووٹ لے کر پیچھے ہیں۔
حلقہ ایل اے 16 باغ کے غیر حتمی نتائج کے مطابق، پیپلز پارٹی کے سردار قمر زمان نے 12 ہزار 516 ووٹ لے کر برتری حاصل کی، جبکہ مسلم لیگ ن کے سردار میر اکبر 11 ہزار 613 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔


