اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وزارت قومی صحت نے پمز اسپتال میں انتظامی عہدوں پر نئی تقرریوں کے احکامات جاری کر دیے ہیں، جو فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے۔ این آئی ایچ اسلام آباد کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر محمد سلمان کو پمز اسپتال کا ایگزیکٹو ڈائریکٹر تعینات کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر محمد سلمان کی خدمات تین سالہ ڈیپوٹیشن پر بطور ایگزیکٹو ڈائریکٹر (بی ایس-21) پمز تفویض کی گئی ہیں اور انہیں این آئی ایچ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کا اضافی چارج بھی سونپا گیا ہے۔
ڈاکٹر الطاف حسین پروفیسر ای این ٹی پمز کو جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر (غیر طبی، بی ایس-20) کا اضافی چارج دیا گیا ہے جبکہ ڈاکٹر نزہت یاسمین پروفیسر پیڈیاٹرکس میڈیسن کو جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر چلڈرن اسپتال کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔
ڈاکٹر شمائلہ، ایسوسی ایٹ پروفیسر آبس/گائنی کو پروفیسر اور ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ آبس/گائنی کا چارج دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر رحمٰنہ وارث اسسٹنٹ پروفیسر پیڈیاٹرکس کو ایسوسی ایٹ پروفیسر پیڈیاٹرکس چلڈرن اسپتال کا تین ماہ کے لیے چارج دیا گیا ہے۔
شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی میں اسسٹنٹ رجسٹرار حسن اشرف کو اسسٹنٹ ڈائریکٹر سیکیورٹی کا تین ماہ کے لیے اضافی چارج دیا گیا ہے۔
دوسری جانب، سی ڈی اے کے ڈی جی کیپیٹل ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر عبدالرحمٰن کو معطل کر دیا گیا ہے۔ کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے ڈی جی کی معطلی کا آفس آرڈر جاری کر دیا ہے اور محمد احسن ڈائریکٹر (فائر سروسز) بی پی ایس-19 کو قائم مقام ڈائریکٹر جنرل کیپٹل ایمرجنسی سروسز مقرر کیا گیا ہے۔


