اسلام آباد (لارڈ میڈیا) باصلاحیت پاکستانی طلباء نے ہارورڈ ماڈل یونائیٹڈ نیشنز چائنا میں شاندار کامیابی حاصل کرکے پاکستان کا نام روشن کر دیا۔ سیڈار کالج اینڈ اسکول نے 70 سے زائد وفود کے درمیان بہترین مختصر وفد کا اعزاز حاصل کیا۔
پاکستانی طلباء نے مجموعی طور پر پانچ انفرادی اعزازات جیتے جن میں تین بہترین مندوب اور دو نمایاں سفارتی کارکردگی کے اعزازات شامل ہیں۔
ٹیم کے ارکان نوین راج، محمد احمد حسین اور ملیحہ علی نے بہترین مندوب کے اعزازات اپنے نام کیے۔ پاکستانی طالبات سلیقہ مرتضیٰ اور علیشبا وزیر کو بہترین سفارت کار کا اعزاز دیا گیا۔ انہوں نے عالمی مسائل پر گفتگو کے دوران بہترین سفارت کاری، قیادت اور تنقیدی سوچ کی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
بیکن ہاؤس اسکول لاہور کے طالبعلم حسام معظم نے آنریبل مینشن ایوارڈ حاصل کیا۔ ان کی تقریری صلاحیتوں، اعتماد اور سفارتی مہارت نے انہیں عالمی سطح پر نمایاں مقام دلایا۔
پاکستانی طلباء کی اس کامیابی نے ثابت کر دیا کہ پاکستانی نوجوان صلاحیت اور اعتماد میں کسی سے کم نہیں۔


