پشاور (لارڈ میڈیا): پاکستان تحریک انصاف کے رکن خیبر پختونخوا اسمبلی فضل الٰہی کی ہدایت پر ان کے فوکل پرسن نے رحمان بابا گرڈ اسٹیشن پر دھاوا بول کر متعدد فیڈرز زبردستی آن کرا دیے۔
ترجمان پیسکو کے مطابق فضل الٰہی کے فوکل پرسن نے گرڈ اسٹیشن کے متعدد فیڈرز زبردستی آن کرائے، جن میں یکہ توت، چنہ ڈاک، سوڑیزی بالا، قلندر بابا اور اخون آباد فیڈرز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ جمیل چوک، چیئرمین آفس اور شلوازن فیڈرز بھی آن کرائے گئے۔
ایم پی اے فضل الٰہی کے فوکل پرسن نے پیسکو اہلکار سے بدتمیزی بھی کی، جس پر ترجمان پیسکو نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
پیسکو ترجمان کا کہنا ہے کہ رحمان بابا گرڈ اسٹیشن کے 80 فیصد فیڈرز ہائی لاسز ہیں، بجلی چوری اور واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث فیڈرز پر لوڈ مینجمنٹ کی جاتی ہے۔ مظاہرین نے پیسکو عملے کو مبینہ طور پر ڈرایا دھمکایا، جس سے نقصانات میں اضافے کا خدشہ ہے۔


