اسلام آباد (لارڈ میڈیا): نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے لیے نئے کارکردگی قوانین متعارف کروا دیے ہیں جن کے تحت کمپنیوں پر شکنجہ سخت کر دیا گیا ہے۔ نیپرا نے تقریباً دو دہائی پرانے فریم ورک سے ہٹ کر ایک جامع اور قابلِ پیمائش نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
نئے قوانین کے تحت بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو بجلی کی فراہمی، صارفین کو خدمات، سرمایہ کاری، تحفظ اور جدید ٹیکنالوجیز کے حوالے سے جواب دہ بنایا جائے گا۔ ان نئے ضوابط کے ذریعے کمپنیوں کی کارکردگی کا معیاری جائزہ لیا جائے گا۔
نیپرا نے حال ہی میں نئے پرفارمنس اسٹینڈرڈز (ڈسٹری بیوشن) ریگولیشنز 2026 جاری کیے ہیں جو کہ 2005 کے پرفارمنس اسٹینڈرڈز (ڈسٹری بیوشن) رولز کی جگہ لے چکے ہیں۔ نئے ضوابط میں ان شعبوں میں نمایاں توسیع کی گئی ہے جن کی بنیاد پر کمپنیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔


