پشاور (لارڈ میڈیا): خیبرپختونخوا حکومت نے بی آر ٹی پشاور کے لیے 2 ارب 13 کروڑ 90 لاکھ روپے کی لاگت سے مزید 50 بسیں خرید لی ہیں۔ ان میں سے 27 بسیں اگلے مرحلے میں پشاور پہنچیں گی، جن میں 2 بسیں کمپنی کی جانب سے تحفے کے طور پر دی گئی ہیں۔
بی آر ٹی بسوں کی تعداد 244 سے بڑھ کر 269 ہو گئی ہے جبکہ تمام نئی بسیں پہنچنے کے بعد مجموعی تعداد 296 ہو جائے گی۔
ٹرانس پشاور کے مطابق موجودہ 244 بی آر ٹی بسوں میں سے 5 بسیں خواتین کے لیے مختص کی جائیں گی، جن کے روٹس کی تفصیلات جلد مکمل کر لی جائیں گی۔
ٹرانس پشاور نے بسوں کی کمی کو پورا کرنے کے لیے 100 بسیں خریدنے کی سفارش کی تھی، جن میں 50 ڈیزل ہائبرڈ اور 50 الیکٹرک بسیں شامل ہیں۔
صوبائی کابینہ نے پہلے مرحلے میں 50 ڈیزل ہائبرڈ بسیں خریدنے کی منظوری دی تھی جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید 50 الیکٹرک بسیں خریدی جائیں گی۔ خریداری پر مجموعی لاگت کا تخمینہ 3 ارب 20 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔


