کوالالمپور (لارڈ میڈیا): جاپان سے ملائیشیا پہنچی پرواز کے لینڈنگ گیئر سے ایک نوجوان کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ جمعرات کی صبح 6:30 بجے ٹوکیو کے ہانیدہ ائیرپورٹ کی پرواز کوالالمپور پہنچی۔
طیارے کے ٹرمینل 2 پر کھڑے ہونے کے بعد انجینئرنگ عملے نے لینڈنگ گیئر سے مشکوک بدبو محسوس کی اور حکام کو مطلع کیا۔ تفصیلی معائنہ کرنے پر 17 سے 25 سال کی عمر کے نوجوان کی کئی روز پرانی لاش ملی۔
متوفی نے سفید ہوڈی اور نیلی جینز پہن رکھی تھی اور لاش سے کوئی شناختی دستاویز نہیں ملی۔ خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ موت 72 گھنٹے سے زیادہ پہلے ہوئی تھی۔
پولیس اور فارنزک ٹیم نے لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کر دیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔


