لندن (لارڈ میڈیا): نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے لندن میں برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور برطانیہ کے دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کی وزارتِ خارجہ کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوئے اور باضابطہ مذاکرات کے لیے ایک منظم طریقہ کار قائم کرنے پر اتفاق ہوا۔
دونوں ممالک نے باہمی دلچسپی کے امور پر اعلیٰ سطحی روابط اور قریبی رابطہ کاری جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔ ملاقات کے دوران مشرق وسطیٰ کی صورتحال سمیت علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ اسحاق ڈار نے برطانوی وزیر خارجہ کو مشرق وسطیٰ میں پاکستان کی سفارتی اور ثالثی کوششوں سے آگاہ کیا، جسے برطانوی وزیر خارجہ نے سراہا۔
ملاقات میں پاکستان اور بھارت کے درمیان سندھ طاس معاہدے سے متعلق پیش رفت پر بھی گفتگو ہوئی۔ اسحاق ڈار نے بھارت کی جانب سے بین الاقوامی ذمہ داریوں کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کیا۔ نائب وزیراعظم نے افغان سرزمین سے پاکستان کو لاحق دہشت گردی کے خطرات پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے برطانوی وزیر مملکت اسٹیفن ڈوٹی سے بھی ملاقات کی، جس میں پاکستان اور برطانیہ کے دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی اور موسمیاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور ثقافتی روابط کے فروغ پر تبادلہ خیال ہوا۔
برطانوی وزیر مملکت نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے اہم کردار کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ دوطرفہ اور علاقائی امور پر قریبی رابطے برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔


