اسلام آباد (لارڈ میڈیا): پاک سعودی سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون میں ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ سعودی-پاکستان جوائنٹ بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد آل سعود کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی سعودی کاروباری وفد نے پاکستان کا دورہ کیا ہے۔
ایس آئی ایف سی نے سعودی وفد کے اعلیٰ حکام اور کاروباری نمائندوں کے ساتھ ملاقاتوں کے لیے مؤثر رابطہ کاری اور سہولت فراہم کی۔ ان ملاقاتوں میں توانائی، پیٹرولیم، نجکاری، صنعت، مواصلات اور ہائی ویز سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع زیرِ غور آئے۔
سعودی وفد نے سرکاری و نجی شعبے کے نمائندوں کے ساتھ جی ٹو جی اور بی ٹو بی تعاون کے تحت سرمایہ کاری کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ ان ملاقاتوں کے ذریعے پاک سعودی اقتصادی روابط کو عملی سرمایہ کاری، کاروباری شراکت داری اور مشترکہ منصوبوں میں تبدیل کرنے کی راہ ہموار ہوئی ہے۔
ایس آئی ایف سی نے سعودی سرمایہ کاروں کے لیے مسلسل سہولت کاری اور دوطرفہ اقتصادی تعاون کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ ایس آئی ایف سی کی مؤثر سہولت کاری سے پاکستان میں سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو فروغ مل رہا ہے۔


