ہومتازہ ترینخیبرپختونخوا میں 627 سرکاری اسکول غیر فعال ہونے کا انکشاف

خیبرپختونخوا میں 627 سرکاری اسکول غیر فعال ہونے کا انکشاف

پشاور (لارڈ میڈیا) خیبرپختونخوا میں 627 سرکاری اسکول غیر فعال ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا کی جاری کردہ سالانہ سروے رپورٹ کے مطابق ضم شدہ اضلاع میں 411 جبکہ بندوبستی علاقوں میں 216 اسکولز بند ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 226 اسکولز اساتذہ کی عدم موجودگی جبکہ 66 اسکولز طلبہ کی کمی کے باعث غیر فعال ہیں۔

محکمہ تعلیم کی رپورٹ کے مطابق 28 اسکولز تنازعات اور 11 قبضے کے باعث بند ہیں۔ شمالی وزیرستان 111 غیر فعال اسکولوں کے ساتھ سرفہرست ہے، جبکہ جنوبی وزیرستان اپر میں 99 اور اپر کوہستان میں 68 اسکول غیر فعال ہیں۔

اسی طرح کرم میں 53، سب ڈویژن بنوں میں 45 اور بنوں میں 44 اسکولز بند ہیں۔ کوہستان لوئر میں 29، خیبر میں 27 اور ہنگو میں 16 اسکولز غیر فعال ہیں۔ بٹگرام میں 13، مانسہرہ میں 7، ٹانک میں 6 اور پشاور میں 5 اسکولز بند ہیں۔

سالانہ سروے کے مطابق سوات اور چارسدہ میں 4، 4 جبکہ شانگلہ میں 3 اسکول غیر فعال ہیں۔ لکی مروت اور نوشہرہ میں 2، 2 اسکولز بند ہیں، جبکہ مردان، کرک، کوہاٹ اور صوابی میں ایک ایک اسکول غیر فعال ہے۔ وزیر تعلیم کا مؤقف حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں