اسلام آباد (لارڈ میڈیا): سعودی عرب نے اسلام آباد کے پمز اسپتال میں سانحے پر گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ سعودی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ وہ پاکستان اور اس کے برادر عوام کے لیے امن و سلامتی کی دعا کرتے ہیں۔
وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پمز اسپتال میں نومولود بچوں کی ہلاکت پر افسوس ہوا ہے۔ سعودی عرب نے مشکل کی گھڑی میں پاکستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
بدھ کی صبح پمز اسپتال کے گائنی وارڈ کی نرسری میں آگ لگنے سے 14 نومولود جھلس کر جاں بحق ہوگئے تھے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق صبح 6 بج کر 45 منٹ پر ائیرکنڈیشن کمپریسر پھٹنے سے آگ لگی۔
اسپتال حکام کا کہنا ہے کہ آگ کے وقت نرسری میں 15 بچے موجود تھے، لیڈی ڈاکٹر صرف ایک بچے کو بچا سکیں جبکہ 14 جاں بحق ہوگئے۔ ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا کہ این آئی سی یو میں نیبولائزر پھٹنے سے آگ لگی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی پمز میں آتشزدگی کے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور حکام کو فوری تحقیقات کا حکم دیا ہے۔


