اسلام آباد (لارڈ میڈیا) پمز اسپتال میں 14 نومولود بچوں کی ہلاکت کے واقعے پر فوری اور غیر جانبدار جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ جوڈیشل ایکٹوزم پینل نے صدر مملکت، وزیراعظم اور دیگر متعلقہ حکام کو مراسلہ ارسال کیا ہے۔
مراسلے میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیشن تشکیل دیا جائے جس کی سربراہی سپریم کورٹ یا ہائیکورٹ کے حاضر سروس جج سے کرائی جائے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سانحے سے متعلق سی سی ٹی وی ریکارڈ، ڈیوٹی اہلکاروں کی فہرست، فائر سیفٹی ریکارڈ سمیت دیگر شواہد محفوظ کیے جائیں اور کسی بھی ریکارڈ یا ثبوت کو تبدیل، ضائع یا چھپانے سے روکا جائے۔
جوڈیشل ایکٹوزم پینل نے واقعے کے ذمہ دار افراد کو عہدوں پر برقرار نہ رکھنے اور ان کے خلاف فوری قانونی کارروائی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ مراسلے میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر فوری جوڈیشل انکوائری نہ کرائی گئی تو ہائیکورٹ سے رجوع کیا جائے گا۔


