طائف (لارڈ میڈیا) سعودی عرب کے شہر طائف میں موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں، جس سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ متعدد سڑکیں اور علاقے پانی میں ڈوب گئے ہیں۔
سعودی میڈیا رپورٹس کے مطابق طائف کے مختلف علاقوں، خاص طور پر الوسام میں بارش کے بعد سیلابی ریلوں کی شدت دیکھی گئی، جہاں کئی گاڑیاں پانی کے تیز بہاؤ کی زد میں آکر بہہ گئیں۔
سعودی محکمہ موسمیات نے مکہ مکرمہ ریجن اور طائف کے بعض علاقوں کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے، جس میں موسلا دھار بارش، تیز ہواؤں، گرج چمک اور سیلابی ریلوں کے خطرے سے خبردار کیا گیا ہے۔
مکہ مکرمہ میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے، جہاں حکام نے شہریوں اور مقیم افراد کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ وہ وادیوں، سیلابی گزرگاہوں اور پانی جمع ہونے والے مقامات سے دور رہیں۔


