لاہور (لارڈ میڈیا): اپٹما کے سالانہ انتخابات میں ڈاکٹر گوہر اعجاز گروپ نے مکمل کامیابی حاصل کرلی۔ اسد شفیع مرکزی چیئرمین اپٹما جبکہ صدیق جاوید بھٹی چیئرمین اپٹما نارتھ منتخب ہوگئے، گوہر اعجاز گروپ نے اپنے مخالف گروپ کو بھاری مارجن سے شکست دی۔
پیٹرن انچیف اپٹما ڈاکٹر گوہر اعجاز نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ہمارے گروپ کو 17 ویں مرتبہ فتح نصیب ہوئی ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ 60 فیصد سے زیادہ برآمدات ٹیکسٹائل شعبہ کرتا ہے اور یہ صنعت پاکستان کا جھنڈا عالمی سطح پر بلند کر رہی ہے۔
گوہر اعجاز نے کہا کہ صنعت کاری اور ملکی معیشت کی ترقی کے لیے اپٹما کا تعاون ہمیشہ موجود رہے گا۔ انہوں نے پاکستان میں کاٹن ملز کو دوبارہ فعال کرنے اور بجلی کی مہنگی پالیسی پر نظر ثانی کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
ڈاکٹر گوہر اعجاز نے مزید کہا کہ پاکستان کی بزنس کمیونٹی کے خلاف غلط بیانی بند کی جائے اور بزنس مینوں کی قدر کی جائے۔ اپٹما کا قیام 1957 میں ہوا اور 2010 کے بعد سے گوہر اعجاز گروپ مسلسل 17 سالوں سے یہ انتخابات جیت رہا ہے۔


