ٹھٹھہ (لارڈ میڈیا) وزیراعظم ٹاسک فورس برائے بحری اصلاحات کے تحت جدید ایکوا کلچر کے ذریعے آبی زراعت میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ سندھ کے ضلع ٹھٹھہ کے علاقے گھارو میں جدید ایکوا کلچر فارمز قائم کیے گئے ہیں۔
ان فارمز میں ٹیلاپیا، پینگاسیئس اور دیگر اقسام کی مچھلیوں کی جدید طرز پر افزائش کی جا رہی ہے۔ پانی کے معیار، آکسیجن، خوراک اور بائیو سیکیورٹی کی نگرانی سے مچھلیوں کی بہتر افزائش یقینی بنائی جا رہی ہے۔
پولی کلچر فارمنگ کے ذریعے مختلف اقسام کی مچھلیوں کی افزائش سے پیداوار بڑھائی جا رہی ہے۔ گھارو میں پہلی بار ایکویریم میں پالی جانے والی مچھلیوں کی فارمنگ بھی متعارف کرائی گئی ہے۔
پاک گھارو اور ملائیشیا کی کمپنی جی کے ایکوا ایس ڈی این بی ایچ ڈی کے اشتراک سے پاکستان کی پہلی آل میل فریش واٹر جائنٹ پراون ہیچری قائم کی گئی ہے۔ منصوبے میں جدید مونو سیکس بریڈنگ ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے۔
منصوبے سے برآمدات کے نئے مواقع پیدا ہوں گے جبکہ کسانوں کی آمدن اور قومی معیشت کو بھی فروغ ملے گا۔


