واشنگٹن (لارڈ میڈیا) امریکہ کے طیارہ بردار جہاز جارج واشنگٹن نے مشرق وسطیٰ میں پوزیشن سنبھال لی ہے۔ امریکی سینٹرل کمانڈ نے اس تعیناتی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ جارج واشنگٹن نے 9 ماہ سے تعینات طیارہ بردار جہاز ابراہم لنکن کی جگہ لی ہے۔
ایران جنگ کے دوران تعینات ابراہم لنکن پر پانچ ہزار سے زائد سیلرز موجود تھے۔ اطلاعات کے مطابق وہاں تعینات عملہ ذہنی صحت کے مسائل سے دوچار ہو رہا تھا جس کے باعث امریکی حکام نے جارج واشنگٹن کو تعینات کرنے کا فیصلہ کیا۔
سینٹرل کمانڈ کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر نے تسلیم کیا کہ ابراہم لنکن پر اہلکاروں کو چیلنجگ صورتحال کا سامنا رہا، تاہم اسے بعد میں دور کر لیا گیا تھا۔ رپورٹس کے مطابق عملے میں ذہنی صحت کی صورتحال اس قدر بگڑ گئی تھی کہ کچھ اہلکاروں نے جہاز سے سمندر میں چھلانگ لگانے کی بھی کوشش کی۔


