اسلام آباد (لارڈ میڈیا): پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے گزشتہ روز کے دہشتگردی سے متعلق بیان کی وضاحت کردی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان سے الفاظ کا غلط چناؤ ہوا تھا جب وہ علیحدگی پسند تنظیموں کی بات کر رہے تھے۔ بدھ کو پریس کانفرنس میں بلاول بھٹو نے بی ایل اے، سندھ قوم پرست اور ٹی ٹی پی کو پاکستان کے خلاف کام کرنے والی تنظیمیں قرار دیا تھا۔
جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ تنظیمیں تشدد کا راستہ اپناتی ہیں اور دہشتگردی میں ملوث ہیں۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ دہشتگردوں کو افغانستان سے کنٹرول کیا جاتا ہے اور ان کے سہولت کار ہمسایہ ملک میں ہوتے ہیں۔ انتہا پسند تنظیمیں ٹی ٹی پی کی صورت میں حملے کرتی ہیں اور ان کے درمیان رابطہ کاری بھی موجود ہے۔


