برسلز (لارڈ میڈیا) بیلجیم کے شہر برسلز میں نالی کی صفائی کے دوران مزدوروں کو قیمتی خزانہ مل گیا جس میں 49 سونے کی اینٹیں، سونے کے سکوں سے بھری بالٹی اور سیکڑوں نایاب سکے شامل ہیں۔ اس خزانے کی مالیت تقریباً 3 ارب پاکستانی روپے بتائی جارہی ہے۔
یہ خزانہ ڈینڈر موندے علاقے میں ایک عمارت کی تزئین و آرائش کے دوران سامنے آیا۔ مزدوروں کو صفائی کے دوران پہلے چند نادر سکے ملے، جس کے بعد مزید قیمتی اشیا کی کھوج شروع ہوئی۔
مزدوروں کی اس حیرت انگیز دریافت کے بعد مقامی پولیس کو اطلاع دی گئی جس نے خزانہ اپنی تحویل میں لے کر محفوظ مقام پر منتقل کردیا۔
یہ خزانہ سی اے ڈبلیو ایسٹ فلینڈرز فلاحی ادارے سے متعلق عمارت کے قریب سے ملا ہے، تاہم حکام اس کے دور اور مالک کے بارے میں تحقیقات کر رہے ہیں۔
دریافت کے بعد اضافی سیکیورٹی اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں اور حفاظتی باڑ لگا دی گئی ہے تاکہ مزید کھدائی کو روکا جاسکے۔


