لاہور (لارڈ میڈیا) محکمہ داخلہ پنجاب نے اسلحہ ڈیلرز کے لیے ڈیجیٹل انوینٹری کا نفاذ کر دیا ہے۔ تمام ڈیلرز کو اپنا موجودہ اسٹاک اور خرید و فروخت کے ریکارڈ کو 26 اگست تک آن لائن پورٹل پر درج کرنا ہوگا۔
صوبائی محکمہ داخلہ کے مطابق، ڈیلرز کے پاس موجود بندوقوں اور گولیوں کا مکمل ریکارڈ محکمہ کے آن لائن پورٹل پر موجود ہوگا۔ بزنس آرمز لائسنس ہولڈرز کے لیے انوینٹری ماڈیول نافذ کیا گیا ہے اور مقررہ تاریخ تک اندراج یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنرز کو اسلحہ ڈیلرز کی تفصیلات فراہم کر دی گئی ہیں اور انہیں اسٹاک کا آن لائن اندراج یقینی بنانے کا کہا گیا ہے۔ مقررہ تاریخ تک ریکارڈ اپڈیٹ نہ کرنے والے ڈیلرز کے لائسنس معطل اور کاروبار سیل کیا جا سکتا ہے۔
محکمہ داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ پنجاب فرانزک سائنس اتھارٹی آڈیٹوریم میں 24 اگست کو اسلحہ ڈیلرز کے لیے خصوصی تربیتی ورکشاپ منعقد کی جائے گی۔ ڈیلرز آن لائن بھی شرکت کر سکیں گے۔


