پشاور (لارڈ میڈیا): ضلع صوابی کے مختلف علاقوں میں شدید بارش کے باعث عمارتیں منہدم ہونے سے دو افراد جاں بحق اور نو زخمی ہوگئے۔ ریسکیو 1122 کے مطابق عمارت منہدم ہونے کے واقعات میں کوئی شخص ملبے تلے موجود نہیں تھا۔
جرندو نہر میں عمارت منہدم ہونے کے نتیجے میں دو افراد متاثر ہوئے، جنہیں ریسکیو 1122 نے محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔ اعظم آباد چوکی میں عمارت منہدم ہونے سے پانچ افراد متاثر ہوئے، جنہیں ریسکیو 1122 نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بچایا۔
آزاد خیل، ٹوپی کے علاقے میں عمارت منہدم ہونے کے نتیجے میں چار افراد ملبے تلے پھنس گئے تھے۔ ریسکیو ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے دو افراد کو زندہ نکال لیا، جبکہ دو افراد جاں بحق ہوئے۔
ریسکیو 1122 صوابی کی ٹیموں نے تمام مقامات پر بروقت رسپانس دیتے ہوئے امدادی کارروائیاں مکمل کیں اور 300 سے زائد متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا۔
ضلع صوابی تحصیل رزڑ کے مختلف علاقوں میں شدید بارش کے باعث طغیانی اور سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، جس پر ریسکیو 1122 صوابی کی ٹیموں نے بروقت رسپانس دیتے ہوئے امدادی کارروائیاں شروع کیں۔
خمزہ ڈھیر، منصب دار، مناگئ، ترکئی، لنڈی چم، قمرگئی اور ڈھنڈوقہ میں ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے کشتیوں اور لائف جیکٹس کی مدد سے 300 سے زائد متاثرہ افراد، جن میں بچے، خواتین اور بزرگ شامل تھے، کو گھروں سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔


