بسلی (لارڈ میڈیا): پاکستان رائفل ٹیم نے ساتویں ایف کلاس عالمی چیمپئن شپ 2026 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جہاں وہ انفرادی عالمی چیمپئن اور ٹیم مقابلے کی رنر اپ قرار پائی۔ چیمپئن شپ میں 24 ممالک کے 207 بہترین لانگ رینج شوٹرز نے حصہ لیا۔
پاکستان ٹیم نے احسن گلریز کی قیادت میں انفرادی چیمپئن شپ میں طلائی تمغہ اور ٹیم مقابلے میں چاندی کا تمغہ جیتا۔ 12 سے 13 اگست کو 800، 900 اور 1000 یارڈز کے انفرادی مقابلے ہوئے، جبکہ 15 اور 16 اگست کو ایف ٹی آر ٹیم کا مقابلہ ہوا۔
پاکستانی ٹیم نے انفرادی مقابلوں میں 4 طلائی، 4 چاندی اور 5 کانسی کے تمغے جیت کر چیمپئن شپ میں زیادہ تر ایف ٹی آر تمغے اپنے نام کیے۔ جنید علی نے 207 حریفوں کو پیچھے چھوڑ کر انفرادی ایف ٹی آر عالمی چیمپئن کا اعزاز حاصل کرلیا۔
جنید علی نے شاندار کارکردگی سے 3 طلائی، ایک چاندی اور ایک کانسی کا تمغہ جیتا۔ محمد ولید نے ایک طلائی اور ایک کانسی کا تمغہ جیت کر پاکستان کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
انڈر 25 کیٹیگری میں حذیفہ گل نے 3 چاندی اور 2 کانسی کے تمغے حاصل کیے جبکہ احسن گل نے کانسی کا تمغہ جیتا۔ پاکستانی ٹیم کے 7 شوٹرز عالمی مقابلے کے ٹاپ 100 کھلاڑیوں میں شامل رہے۔
چیمپئن شپ کے ٹیم مقابلوں میں پاکستان نے سنسنی خیز اور سخت مقابلے کے بعد رنر اپ پوزیشن حاصل کی۔ پاکستانی ٹیم نے معمولی فرق سے چاندی کا تمغہ جیتا اور عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کیا۔


