اسلام آباد (لارڈ میڈیا) وفاقی آئینی عدالت نے سپر ٹیکس کے خلاف کارپوریٹ ٹیکس دہندگان کے حق میں اہم فیصلہ سناتے ہوئے ٹیکس کریڈٹ کی ایڈجسٹمنٹ کو جائز قرار دے دیا۔ عدالت نے اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا اور نجی موبائل کمپنی زونگ کی اپیلیں منظور کرلیں۔
زونگ کو ایف بی آر نے سپر ٹیکس کی ادائیگی کے لیے نوٹس جاری کیا تھا، جس کے خلاف کمپنی نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ ہائی کورٹ نے درخواست کو خارج کر دیا تھا، لیکن وفاقی آئینی عدالت نے اس فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا۔
جسٹس عامر فاروق کے 6 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلے میں کہا گیا کہ ٹیکس کریڈٹ سے سپر ٹیکس کی رقم ایڈجسٹ کی جاسکتی ہے۔ عدالت نے قانون کی دفعہ 168 کے تحت حاصل شدہ ٹیکس کریڈٹ کو الگ اور مسلمہ قانونی حق قرار دیا۔
عدالت نے ایف بی آر کو ہدایت کی کہ ٹیکس دہندہ کی جانب سے دائر کردہ ایڈجسٹمنٹ کلیم کا قانون کے مطابق جائزہ لے کر فیصلہ کیا جائے۔


