راولپنڈی (لارڈ میڈیا): نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے عوامی تعاون کے فروغ اور محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے ‘بی آورز آئی’ مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ اس کا مقصد شہریوں کو ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے میں مؤثر شراکت دار بنانا ہے۔
مہم کے تحت دورانِ سفر شہری کسی بھی ٹریفک خلاف ورزی، خصوصاً پبلک سروس گاڑیوں میں اوور لوڈنگ، زائد کرایہ وصولی، خطرناک یا غیر محتاط ڈرائیونگ کی فوری اطلاع موٹروے پولیس کو دے سکیں گے۔
شہری پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں پر موجود موٹروے پولیس کے اسٹیکر پر درج QR کوڈ کو موبائل فون سے اسکین کرکے متعلقہ پلیٹ فارم تک رسائی حاصل کر سکیں گے اور اپنی شکایت درج کروا سکتے ہیں۔
نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے مطابق شہریوں کی بروقت اور ذمہ دارانہ اطلاع ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کی روک تھام، حادثات میں کمی اور قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
محفوظ سفر، بہتر ٹریفک نظام اور شاہراہوں پر قانون کی عملداری کے لیے ‘بی آورز آئی’ مہم کا حصہ بنیں اور دورانِ سفر نظر آنے والی ٹریفک خلاف ورزیوں کی بروقت اطلاع دیں۔


