اسلام آباد (لارڈ میڈیا): فنانس ایکٹ 27-2026 کے تحت غلط یا غیر مطابقت رکھنے والے ان پٹ ٹیکس کریڈٹ پر ٹیکس دہندگان کو اصل ٹیکس کی واپسی اور ڈیفالٹ سرچارج کے علاوہ 20 فیصد جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ جعلی انوائسز پر کلیم ٹیکس کریڈٹ 60 روز میں واپس نہ کرنے پر بھی 20 فیصد پنلٹی عائد ہوگی۔
فنانس ایکٹ کے مطابق اگر ایف بی آر کا کمپیوٹرائزڈ نظام کسی رجسٹرڈ شخص کی جانب سے کسی ٹیکس پیریڈ میں کلیم کیے گئے ان پٹ ٹیکس کریڈٹ کو متعلقہ سپلائر کی جانب سے ظاہر کیے گئے آؤٹ پٹ ٹیکس سے مطابقت نہ رکھنے کی نشاندہی کرے اور نوٹس جاری کرکے وضاحت اور سماعت کا موقع دینے کے بعد یہ فرق برقرار رہنے کی تصدیق ہوجائے، تو متعلقہ شخص کو یہ غیر قابلِ قبول ان پٹ ٹیکس کریڈٹ واپس کرنا ہوگا۔
اس کے علاوہ، مذکورہ غیر مطابقت رکھنے والی ان پٹ ٹیکس رقم کا 20 فیصد جرمانہ اور انکم ٹیکس ایکٹ کی دفعہ 34 کے تحت ڈیفالٹ سرچارج بھی ادا کرنا ہوگا۔


