لاہور (لارڈ میڈیا) بھارتی حکومت نے 25 پاکستانی قیدیوں کو رہا کر دیا ہے، جن میں 16 ماہی گیر بھی شامل ہیں۔ ان ماہی گیروں کا تعلق کراچی کے ساحلی علاقے علی اکبر شاہ گوٹھ، ٹھٹھہ اور سجاول سے ہے۔
رہائی پانے والے ماہی گیروں میں سے کچھ کئی سال بعد جبکہ کچھ تقریباً 10 سال بعد اپنے وطن واپس لوٹ رہے ہیں۔ ان قیدیوں نے اپنی سزائیں مکمل کر لی تھیں، جس کے بعد بھارتی حکومت نے انہیں پاکستان واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا۔
پاکستانی قیدیوں کو واہگہ بارڈر پر پاکستانی انتظامیہ کے حوالے کیا جائے گا۔ ان کی شناخت اور تحقیقات کے بعد انہیں لاہور کی ایدھی انتظامیہ کے حوالے کیے جانے کا امکان ہے، جہاں سے انہیں ان کے آبائی علاقوں اور اہلخانہ تک پہنچایا جائے گا۔
رہائی پانے والے 25 پاکستانیوں میں علی اصغر، جان محمد، بلاول، سید غلام مرتضیٰ شاہ اور دیگر شامل ہیں۔
رہائی کے بعد ساحلی علاقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ کوسٹل میڈیا سینٹر، ابراہیم حیدری کا کہنا تھا کہ ماہی گیر برادری نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وطن واپس پہنچنے والے ماہی گیروں کو جلد از جلد ان کے اہلخانہ تک پہنچانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔


