گجرات (لارڈ میڈیا): نواحی گاؤں کریم داد میں دو روز قبل لاپتہ ہونے والی 4 سالہ بچی نور فاطمہ کی مبینہ زیادتی کے بعد قتل کی اطلاع سے علاقے میں کہرام مچ گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق بچی کو مبینہ طور پر اس کے کزن نے زیادتی کا نشانہ بنایا اور قتل کرکے لاش کو بوری میں بند کرکے نالے میں پھینک دیا گیا۔
ریسکیو ٹیمیں بچی کی لاش کی تلاش کے لیے گاؤں کے قریب نالے میں آپریشن کر رہی ہیں تاہم رات کی تاریکی کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ پولیس ترجمان نے کہا ہے کہ نور فاطمہ کے مبینہ زیادتی اور قتل کے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور واقعے میں ملوث ملزمان کا تعین کرنے کے لیے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
واقعے کے بعد گاؤں کریم داد میں سوگ کی فضا ہے اور ہر آنکھ اشکبار ہے۔ اہل علاقہ میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ پولیس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران گمشدہ بچیوں کی لاشیں ملنے کے پے در پے واقعات نے پولیس کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھا دیے ہیں۔
پولیس ترجمان نے کہا ہے کہ معصوم نور فاطمہ کے ساتھ پیش آنے والے افسوسناک واقعے کے ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں۔


