اسلام آباد (لارڈ میڈیا) بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ عظمی خان نے سپریم کورٹ میں عمران خان کی اسپتال منتقلی سے متعلق توہین عدالت کی درخواست کی فوری سماعت کے لیے ایک اور درخواست دائر کی ہے۔ رجسٹرار آفس نے پہلی درخواست مسترد کر دی تھی۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کی جیل میں صحت بگڑ رہی ہے اور انہیں سپریم کورٹ کے حکم کی عدولی کرتے ہوئے پمز لے جایا گیا۔
عظمی خان نے درخواست میں سپریم کورٹ سے استدعا کی ہے کہ عمران خان کو طبی معائنے اور علاج کے لیے شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کیا جائے۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ عدالت کے 18 اگست کے حکم پر جان بوجھ کر اصل روح کے ساتھ عمل درآمد نہیں کیا گیا ہے۔
درخواست میں کہا گیا کہ عدلیہ کے حکم پر مسلسل عمل نہ کرنا ارادی، صریح اور قانون شکنی کے زمرے میں آتا ہے۔ کیسز فکسیشن پالیسی توہین عدالت کی فوری سماعت میں رکاوٹ نہیں ہے۔ عظمی خان نے کہا کہ 25 اگست کو فوری سماعت کی درخواست کو مسترد کیا گیا تھا۔
درخواست میں مطالبہ کیا گیا کہ توہین عدالت درخواست پر فوری سماعت کے لیے فکس کیا جائے اور رواں یا آئندہ ہفتہ سماعت کی جائے۔ 16 ستمبر کو کیس فکس کرنے کے فیصلے کا دوبارہ جائزہ لیا جائے۔


