روم (لارڈ میڈیا): اٹلی اور رومانیہ کی فٹبال فیڈریشنز نے فیفا کے صدر جانی انفینٹینو کی آئندہ مدت کے لیے حمایت سے دستبرداری اختیار کرلی، جس سے انفینٹینو پر مستعفی ہونے کا دباؤ مزید بڑھ گیا ہے۔ اطالوی فٹبال فیڈریشن نے کہا کہ وہ مارچ میں ہونے والے فیفا صدارتی انتخاب میں انفینٹینو کی حمایت نہیں کریں گے۔ فیڈریشن کے مطابق یہ فیصلہ فیفا صدر کی حالیہ گورننس اور بین الاقوامی مقابلوں کی ترقی سے متعلق اقدامات کے باعث کیا گیا۔
اطالوی فیڈریشن کے صدر جیوانی مالاغو نے کہا کہ اٹلی یورپی فٹبال کی تنظیم یوئیفا اور دیگر یورپی فیڈریشنز کے ساتھ مل کر ایسے فٹبال کے فروغ کے لیے کام جاری رکھے گا جس کی بنیاد میرٹ، یکجہتی، پائیداری اور شائقین کی اہمیت پر ہو۔
رومانیہ کی فٹبال فیڈریشن کی ایگزیکٹو کمیٹی نے بھی انفینٹینو کو نئی مدت کے لیے ووٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ رومانیہ کے فیڈریشن کے صدر رزوان برلیانو نے کہا کہ نئے رہنما کی ضرورت ہے جو اتفاق رائے اور اتحاد پیدا کرسکے اور اعتماد بحال کرے۔
انفینٹینو کو اس وقت شدید دباؤ کا سامنا ہے، خاص طور پر ان کے ورلڈ کپ میں نجی سرمایہ کاروں کو حصص فروخت کرنے کی تجویز پر تنقید ہوئی تھی، جسے بعد میں ختم کردیا گیا۔


