ہومتازہ ترینامریکہ ایران کی شرائط تسلیم کرنے سے انکار کرتا ہے تو آبنائے...

امریکہ ایران کی شرائط تسلیم کرنے سے انکار کرتا ہے تو آبنائے ہرمز نہیں کھولی جائے گی، پاسداران انقلاب

تہران (شِنہوا) ایران کی اسلامی انقلابی گارڈ کور (آئی آر جی سی) نے کہا ہے کہ اگر امریکہ ایران کی شرائط تسلیم نہیں کرتا تو آبنائے ہرمز کو نہیں کھولا جائے گا۔

آئی آر جی سی کے سرکاری خبر رساں ادارے سپاہ نیوز کے مطابق آئی آر جی سی کے ترجمان حسین محبی نے صحافیوں کو بتایا کہ یہ اہم آبی گزرگاہ بدستور ایرانی کنٹرول میں ہے اور ایران کی اجازت کے بغیر کوئی بھی بحری جہاز اس سے گزر نہیں سکتا۔

محبی نے کہا کہ ’’دشمن کے تمام جنگی بحری جہاز آبنائے ہرمز سے کم از کم 400 کلومیٹر دور ہیں اور فوجی اور علاقائی اعتبار سے کوئی بھی بحری جہاز ایران کی اجازت اور انتظام کے بغیر اس آبی گزرگاہ سے گزرنے کے قابل نہیں ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ عمان کے قریب سے گزرنے والا راستہ بھی مکمل طور پر ایرانی کنٹرول میں ہے جبکہ انہوں نے زور دیا کہ آبنائے ہرمز ایران اور عمان دونوں سے تعلق رکھتی ہے۔

محبی نے کہا کہ مذاکرات کے بعد ایران اور عمان آبنائے ہرمز میں اپنے اپنے حصے اور اس سے حاصل ہونے والی آمدنی کے بارے میں معاہدوں پر پہنچ چکے ہیں۔

محبی نے مذاکراتی عمل میں تاخیر کا ذمہ دار امریکہ کی "رکاوٹ ڈالنے کی پالیسی” کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر واشنگٹن جون میں ایران کے ساتھ طے کی گئی امن کی یادداشت (ایم او یو) پر واپس آتا ہے تو ’’ہم طے شدہ فریم ورک کے تحت آبنائے ہرمز کھول سکتے ہیں۔‘‘

محبی نے مزید کہا کہ ’’امریکہ کو ہماری شرائط تسلیم کرنا ہوں گی۔ اگر امریکہ ہماری شرائط تسلیم نہیں کرتا تو کسی بھی صورت آبنائے ہرمز نہیں کھولی جائے گی۔‘‘

ایران نے 28 فروری کو آبنائے ہرمز پر اپنی گرفت مزید مضبوط کرتے ہوئے اسرائیل اور امریکہ سے تعلق رکھنے والے یا ان سے وابستہ بحری جہازوں کی آمد ورفت بند کر دی تھی۔ یہ اقدام ایرانی سرزمین پر دونوں ممالک کے مشترکہ حملوں کے بعد کیا گیا تھا۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں