ملتان (لارڈ میڈیا): گٹرلائن کی صفائی کے دوران واسا کے 2 ملازمین دم گُھٹنے سے جاں بحق ہوگئے۔ ریسکیو کے مطابق دونوں ملازمین رات گئے گٹر لائن کی صفائی میں مصروف تھے کہ دم گُھٹنے سے موت کے منہ میں چلے گئے۔
پولیس نے بتایا کہ دونوں ملازمین حفاظتی آلات کے بغیر گٹر لائن کی صفائی کررہے تھے۔ دوسری جانب واسا حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والا ایک ورکر واسا کا مستقل ملازم اور دوسرا کنٹریکٹ پر تھا۔ واسا سے دونوں افراد کو لائن کی صفائی کی کوئی ہدایت نہیں دی گئی تھی، دونوں افراد ذاتی حیثیت میں نجی کنٹریکٹر کی معاونت کے لیے گئے تھے۔
واسا حکام نے مزید وضاحت کی کہ کام کے دوران سیفٹی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کیا جاتا ہے اور تمام حفاظتی اقدامات مکمل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔


