لاہور (لارڈ میڈیا) : آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن نے ڈیزل کی قیمت میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے حکومت سے تحریری معاہدے پر فوری عملدرآمد کا مطالبہ کیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے صدر اویس چوہدری نے کہا کہ ڈیزل مہنگا کرنا قبول نہیں، حکومت کو اپنے تحریری وعدے کو عملی شکل دینی ہوگی جس میں واضح ہے کہ ڈیزل کی قیمتوں میں ردوبدل 15 روز بعد کیا جائے گا۔
اویس چوہدری کا کہنا تھا کہ روزانہ قیمتوں میں ردوبدل سے ٹرانسپورٹرز کے لیے کرائے ایڈجسٹ کرنا ممکن نہیں رہتا، ٹرانسپورٹر آج کرایہ طے کرتا ہے اور اگلے ہی روز ڈیزل کی قیمت تبدیل ہوجاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قیمتوں میں ردوبدل کا موجودہ نظام ٹرانسپورٹرز کے لیے شدید مشکلات پیدا کر رہا ہے، حکومت فوری طور پر طے شدہ معاہدے پر عملدرآمد کرے۔


