اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے زور دیا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے عالمی برادری کو متحد ہو کر مؤثر اقدامات کرنے چاہئیں۔ یہ بات انہوں نے دہشت گردی کے متاثرین کی یاد اور اظہارِ عقیدت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی۔
محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردی کا کوئی مذہب، قوم یا سرحد نہیں ہوتی بلکہ یہ پوری انسانیت کے خلاف جرم ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کے متاثرین کی قربانیوں کو انسانیت کے لیے ایک ناقابلِ فراموش باب قرار دیا۔
وفاقی وزیرِ داخلہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہداء قوم کے سر کا تاج ہیں۔ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنے شہداء اور متاثرین کی قربانیوں کا قرض قیامت تک نہیں اتار سکتا۔
انہوں نے متاثرین کے اہلِ خانہ سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے اور ہمیشہ ان کا ساتھ دیتی رہے گی۔ نقوی نے عالمی برادری پر زور دیا کہ متحد ہو کر مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ دہشت گردی کا خاتمہ ہو سکے۔
محسن نقوی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں اور شہداء و متاثرین کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔


