واشنگٹن (لارڈ میڈیا): امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنے کے لیے سو مرتبہ جنگ کرنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے مائیکل کوہن ریڈیو شو میں کہا کہ ایران کو کسی صورت جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ٹرمپ نے بتایا کہ ایران کے خلاف امریکی فوجی کارروائی انتہائی مؤثر رہی، جس کے نتیجے میں ایرانی عسکری صلاحیتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ ان کے مطابق، ایران کی میزائل اور ڈرون بنانے کی صلاحیت 5 ماہ قبل کے مقابلے میں بہت کم ہوچکی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران اس وقت شدید معاشی مشکلات کا شکار ہے، جہاں 300 فیصد مہنگائی اور کمزور کرنسی ہے۔ ایران کی فوج کو تنخواہوں کی ادائیگی میں بھی مشکلات درپیش ہیں۔
امریکی صدر نے بتایا کہ امریکی بی ٹو بمبار طیاروں کے حملے میں ایران کا جوہری پروگرام مکمل طور پر تباہ کردیا گیا، اور حملے کے وقت ایران جوہری ہتھیار بنانے سے صرف دو ہفتے دور تھا۔
ٹرمپ نے اوباما اور بائیڈن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایران جوہری ہتھیار حاصل کرلیتا تو اسرائیل اور پورا مشرق وسطیٰ شدید خطرے سے دوچار ہوجاتے۔


