ممبئی (لارڈ میڈیا): بالی ووڈ کے معروف اداکار سنی دیول نے اپنی مالی مشکلات کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ فلم ’غدر 2‘ کی کامیابی سے قبل 55 کروڑ 99 لاکھ بھارتی روپے کے قرض میں مبتلا تھے۔ انہوں نے حالیہ پوڈکاسٹ میں کہا کہ اس مالی دباؤ کے باوجود وہ خوش رہے اور اپنی زندگی پر پیسے کو حاوی نہیں ہونے دیا۔
سنی دیول نے بتایا کہ ان کی مشکلات کی بڑی وجہ فلم سازی میں کی گئی سرمایہ کاری تھی۔ انہوں نے ’گھائل ونس اگین‘ سمیت مختلف فلمی منصوبوں میں سرمایہ لگایا لیکن مطلوبہ کامیابی حاصل نہ ہونے کی وجہ سے انہیں نقصان اٹھانا پڑا۔
2019 میں انہوں نے ‘پل پل دل کے پاس’ کی ہدایت کاری کی جس سے ان کے بیٹے کرن دیول نے بالی ووڈ میں قدم رکھا، مگر یہ فلم باکس آفس پر نمایاں کامیابی حاصل نہ کر سکی۔
اداکار نے کہا کہ ان پر قرض کا بوجھ ذاتی نہیں تھا بلکہ ان کی سرمایہ کاری اور اثاثوں سے متعلق تھا۔ مالی ذمہ داریاں پوری کرنے کے لیے انہوں نے اپنے اثاثے فروخت کیے۔
سال 2023 میں ’غدر 2‘ کی کامیابی کے بعد بینک نے ان کے بنگلے کی نیلامی کا نوٹس جاری کیا تھا، مگر ادائیگی کے بعد نیلامی کا نوٹس واپس لے لیا گیا۔


