لاہور (لارڈ میڈیا): پنجاب کے مختلف اضلاع میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس نے کئی علاقوں میں جل تھل ایک کر دیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق پچھلے 24 گھنٹوں میں راولپنڈی میں سب سے زیادہ 130 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ اٹک میں 79، لاہور ائیرپورٹ پر 65، وزیرآباد میں 50، گوجرانوالہ اور جہلم میں 39 ملی میٹر بارش ہوئی۔ نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونے پر شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ریسکیو حکام نے شہریوں کو بچوں کو برساتی نالوں اور بجلی کے کھمبوں سے دور رکھنے کی تاکید کی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق نارووال میں 33، منڈی بہاءالدین میں 30، گجرات میں 19، سیالکوٹ میں 11 اور مری میں 7 ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔ مون سون بارشوں کا چھٹا اسپیل 21 اگست تک جاری رہے گا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ صوبے بھر کے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ ڈی جی محمد سیف انور جپہ نے شہریوں کو آسمانی بجلی کی گرج چمک کے دوران محفوظ مقامات پر رہنے کا مشورہ دیا ہے۔


