پشاور (لارڈ میڈیا): خیبر پختونخوا کے محکمہ ٹرانسپورٹ نے پشاور سے دیگر اضلاع کے درمیان موٹر وے کے ذریعے بین الاضلاعی بی آر ٹی سروس شروع کرنے کا منصوبہ زیر غور رکھا ہے۔ اس منصوبے کے تحت پشاور کو نوشہرہ، مردان، صوابی اور چارسدہ سے جدید بی آر ٹی بس سروس کے ذریعے منسلک کرنے کا ارادہ ہے۔
محکمہ ٹرانسپورٹ نے منصوبے کی فیزیبلٹی اسٹڈی جلد شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس میں مجوزہ روٹس، منصوبے کی لاگت اور بی آر ٹی اسٹیشنز کے قیام کے مقامات کا تعین ہوگا۔ حکام کے مطابق موٹر وے پر بی آر ٹی بسیں چلانا جی ٹی روڈ کے مقابلے میں آسان تصور کیا جا رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ مجوزہ سروس سے پشاور اور ملحقہ اضلاع کے درمیان سفر کرنے والے ہزاروں مسافروں کو روزانہ سفری سہولت ملے گی۔ فیزیبلٹی اسٹڈی مکمل ہونے کے بعد منصوبے کی لاگت، روٹس، اسٹیشنز اور دیگر تکنیکی تفصیلات کو حتمی شکل دی جائے گی۔
بین الاضلاعی بی آر ٹی منصوبے کا مقصد پشاور اور دیگر اضلاع کے درمیان جدید اور مؤثر پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام قائم کرنا ہے۔


