گلگت (لارڈ میڈیا) وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے کہا ہے کہ حکومت نے تمام محکموں میں ٹی اے ڈی اے، فیول سمیت دیگر غیرضروری اخراجات میں کمی کی تجویز پیش کی ہے، جس سے دو ارب روپے کی بچت ہوگی۔ انہوں نے سیکریٹری خزانہ کی غیر ترقیاتی بجٹ برائے مالی سال 27-2026 کے حوالے سے بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ صحت، تعلیم، زرعی شعبے، امور نوجوانان اور پبلک سروس ڈیلوری کے محکموں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ اسپتالوں میں ادویات کی خریداری کے لیے 75 کروڑ روپے مختص کیے جا رہے ہیں اور ادائیگیوں کے تمام سسٹم کو آن لائن کیا جا رہا ہے تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پہلی مرتبہ گلگت بلتستان کے ملازمین کو ایچ بی اے اور ایم سی اے صوبائی حکومت کی رقم سے ادا کرنے کے لیے 70 کروڑ روپے مختص کیے جا رہے ہیں تاکہ چھوٹے سرکاری ملازمین کو اپنے گھر تعمیر کرنے میں مدد مل سکے۔ کفایت شعاری کے تحت سرکاری امور کے لیے ہائبرڈ گاڑیاں متعارف کرائی جا رہی ہیں اور پرانی گاڑیوں کو نیلام کیا جائے گا۔
امجد حسین نے کہا کہ یوتھ اور خواتین کی فلاح و بہبود اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے بجٹ میں خطیر رقم مختص کی جا رہی ہے۔ بورڈ میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علموں کو اسکالرشپس دیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے ریونیو میں اضافہ کیا جائے گا اور عوام کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔


