جکارتہ (شِنہوا) 2026 کے پہلے 7 ماہ کے دوران انڈونیشیا میں چینی برانڈز کی گاڑیوں کی فروخت سالانہ بنیاد پر 82 فیصد بڑھ کر 94 ہزار 971 یونٹس تک پہنچ گئی۔
مقامی میڈیا کی جانب سے انڈونیشین ایسوسی ایشن آف آٹوموٹو انڈسٹریز (گائیکنڈو) کے اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا گیا کہ بی وائی ڈی اور جائیکو نے مجموعی فروخت میں نصف سے زیادہ حصہ حاصل کیا۔ بی وائی ڈی انڈونیشیا میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والے آٹوموٹو برانڈز میں پانچویں نمبر پر رہا، جبکہ جائیکو آٹھویں نمبر پر رہا۔
یہ اضافہ انڈونیشیا کی آٹوموٹو مارکیٹ میں بحالی کے دوران ہوا جہاں جنوری سے جولائی تک گاڑیوں کی مجموعی ہول سیل فروخت 5 لاکھ 17 ہزار یونٹس سے تجاوز کر گئی۔
الیکٹرک گاڑیاں چینی گاڑی ساز اداروں کی توسیع میں ایک اہم محرک بن چکی ہیں۔ گائیکنڈو کے مطابق اس وقت ملک میں 18 چینی آٹوموٹو برانڈز موجود ہیں۔
انڈونیشیا میں بیٹری سے چلنے والی الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت 2024 سے 2025 کے درمیان دوگنا سے بھی زیادہ ہوگئی جس کی وجہ حکومت کی جانب سے مراعات، چارجنگ انفراسٹرکچر اور ملک میں الیکٹرک گاڑیوں کی پیداوار میں توسیع ہے۔


