اسلام آباد (لارڈ میڈیا): اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کے لیے مالی سال 2026-27 کے دوران 13 ارب روپے کی ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دی ہے۔ کمیٹی نے سرکاری فنڈز کے بروقت مختص نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا اور وزارت اطلاعات و نشریات کو متعلقہ اداروں کے مالی خودانحصاری کے لیے روڈ میپ تیار کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں پی ٹی وی کی لائسنس فیس وصولی کا مؤثر طریقہ کار وضع کرنے کی تجویز دی گئی، تاکہ ادارہ اپنی مستقل آمدن پیدا کر سکے۔ کمیٹی نے پی ٹی وی میں اضافی افرادی قوت اور آمدنی کی عدم مطابقت کی نشاندہی کی۔
وزارت اطلاعات و نشریات نے کہا کہ پی ٹی وی کا جغرافیائی دائرہ کار وسیع ہے اور نجی چینلز کے مقابلے میں انسانی وسائل اور آپریشنل اخراجات زیادہ ہیں۔ ارکان نے پی ٹی وی کی بحالی کے لیے معیاری مواد کی تیاری پر زور دیا۔
وزارت نے ای سی سی کو بریفنگ میں بتایا کہ پی ٹی وی قومی یکجہتی اور ملکی ترقی میں کردار ادا کرتا ہے۔ وزارت کے مطابق پی ٹی وی کو بلا تعطل نشریات جاری رکھنے کے لیے مالی وسائل درکار ہیں۔
وزارت اطلاعات و نشریات نے مالی سال 2026-27 کے لیے 20 ارب کی رقم طلب کی تھی، جس میں سے وزارت خزانہ نے 13 ارب روپے کی منظوری دیتے ہوئے اسے سہ ماہی بنیادوں پر جاری کرنے کا فیصلہ کیا۔


