ہومتازہ تریندنیا بھر سے تارکین وطن اور کاروباری افراد ٹھوس پیشہ ورانہ مستقبل...

دنیا بھر سے تارکین وطن اور کاروباری افراد ٹھوس پیشہ ورانہ مستقبل کے لئے ہانگ کانگ کا رخ کرنے لگے

ہانگ کانگ (شِنہوا) برطانوی شہری گریگ لوڈن جو ایچ ایس بی سی میں ایشیا اور مشرق وسطیٰ کے لئے ابلاغ عامہ کے علاقائی سربراہ ہیں، 2023 میں دو سالہ مدت ختم ہونے کے بعد گزشتہ سال دوبارہ ہانگ کانگ منتقل ہو گئے۔ اس بار وہ کمپنی کے مرکزی دفتر میں مستقل قیام کے لئے پر امید ہیں۔

لوڈن نے شِنہوا کو بتایا کہ "میرے لئے ہانگ کانگ ایک شاندار امتزاج پیش کرتا ہے جہاں بہترین پیشہ ورانہ مستقبل کے ساتھ ساتھ میرے دفتر ہی سے نظر آنے والی دوڑ کی خوبصورت پگڈنڈیاں بھی ہیں۔”

عالمی منڈیوں کو جوڑنے والا اہم مرکز ہونے کے ناطے ہانگ کانگ میں بیرون ملک سے تارکین وطن اور تاجروں کی آمد کا تانتا لگا ہے جو مالیات کے علاوہ دیگر شعبوں میں بھی کیریئر بنا رہے ہیں اور عارضی وقفے کے بجائے طویل عرصہ قیام کر رہے ہیں۔

مقامی اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہانگ کانگ نے گزشتہ سال غیر ملکی شہریوں کو 31 ہزار 278 ورک ویزے جاری کئے جو پانچ سال پہلے کے مقابلے میں دوگنا سے بھی زیادہ ہیں۔ مقامی ریئل اسٹیٹ ایجنسیوں کے مطابق نئے غیر چینی کرایہ داروں کی تعداد میں ایک سال پہلے کے مقابلے میں 30 فیصد اضافہ ہوا جس سے معروف مقامات پر کرایوں میں 5 سے 8 فیصد تک اضافہ ہو گیا ہے۔

لوڈن نے کہا کہ "پچھلی بار جب میں یہاں تھا اس کے مقابلے میں اب ملازمت کے مواقع بڑھ گئے ہیں۔” اس کے اسباب میں ایشیا کی تیز تر ہوتی معاشی ترقی اور ہانگ کانگ کی سائنس و ٹیکنالوجی کو فروغ دینے کی کوششیں شامل ہیں۔

جنوبی چین کے ہانگ کانگ کی بندرگاہ کے ایک کنٹینر ٹرمینل کا منظر دیکھا جا سکتا ہے۔ (شِنہوا)

اثاثہ جات کے انتظام کی برطانوی فرم لیگل اینڈ جنرل میں چیف انویسٹمنٹ سٹریٹجسٹ برائے ایشیا بین بینیٹ نے کہا کہ "ایشیا عالمی معیشت بالخصوص مالیاتی صنعت کی ترقی کا بنیادی مرکز ہے۔” ایشیا بحر الکاہل کی سرمایہ کی منڈیاں اور دولت کے انتظام کے شعبے میں تیزی کے پیش نظر اس کمپنی سمیت سٹینڈرڈ چارٹرڈ اور یو بی ایس جیسے غیر ملکی بینکوں نے ہانگ کانگ میں نئی بھرتیوں کے منصوبے بنا رکھے ہیں۔

لوڈن جیسے اعلیٰ عہدیداروں کو ہانگ کانگ میں کام کرنے کا ایک بڑا فائدہ یہ ہے کہ وہ ایک ہی براہ راست پرواز کے ذریعے اپنے زیر نگرانی تمام منڈیوں تک پہنچ سکتے ہیں۔ ایسی سہولت اور رابطہ ان وجوہات میں سے ایک ہے جن کی بنا پر زیادہ سے زیادہ مالیاتی ادارے ایشیا کے لیے اپنے علاقائی دفاتر ہانگ کانگ میں قائم کر رہے ہیں۔

ریئل اسٹیٹ مشاورتی فرم نائٹ فرینک کی ایک رپورٹ کے مطابق ہانگ کانگ جزیرے پر اعلیٰ معیار کے اے گریڈ دفاتر کے کرایوں میں سال کے پہلے پانچ مہینوں کے دوران 4.8 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ایک اور ریئل اسٹیٹ سروسز فرم جے ایل ایل کا کہنا ہے کہ فنڈ مینجمنٹ کی دس میں سے آٹھ کمپنیاں اب ایشیا میں اپنے دفاتر کے لئے ہانگ کانگ کا انتخاب کرتی ہیں جبکہ گزشتہ سال کے اوائل میں یہ شرح دس میں سے صرف دو تھی۔

اگرچہ مالیات، تعلیم، تقاریب کے انتظام اور بھرتی کے شعبوں سے وابستہ ماہر افراد یہاں اپنے کیریئر کا آغاز کر رہے ہیں، وہیں تاجر محض ایک نمائندہ دفتر قائم کرنے کے بجائے کہیں بڑے منصوبے لے کر یہاں آ رہے ہیں۔

طبی ٹیکنالوجی کی ایک فرم کے بانی ہیری چھن نے کہا کہ دنیا کے معروف صنعتی مرکز گوانگ ڈونگ-ہانگ کانگ-مکاؤ عظیم تر خلیجی علاقے کا حصہ ہونے کی بنا پر ہانگ کانگ نسبتاً کم وقت میں انجینئرنگ کے تصورات کو اعلیٰ معیار کی تیار شدہ مصنوعات میں ڈھالنے میں مدد کر سکتا ہے۔

انہوں نے سرمائے اور چینی مین لینڈ کی منڈی تک رسائی، تخلیقی ملکیت کے مضبوط تحفظ اور تحقیقی صلاحیتوں سے لیس ماہرین کی بڑی تعداد کو بھی ہانگ کانگ کو اپنی کمپنی کا عالمی جدت طرازی اور کاروباری مرکز منتخب کرنے کی وجوہات قرار دیا۔

فرنچ چیمبر آف کامرس ان ہانگ کانگ کی مصنوعی ذہانت اور فن ٹیک کمیٹی کے شریک چیئرمین اور ایک فن ٹیک فرم کے بانی فلورین لینگ کا ماننا ہے کہ مزید لوگ یہاں کے مواقع پہچانیں گے اور ہانگ کانگ میں آباد ہوں گے۔

جنوبی چین کے ہانگ کانگ میں ایک کنٹینر ٹرمینل کا منظر۔ (شِنہوا)

فرانس کے جنوبی شہروں سے کاروباری اور ثقافتی تبادلوں کی غرض سے سرکاری وفود کے ہانگ کانگ کے مسلسل دوروں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہاں فرانسیسی برادری تین سالہ معاہدے پر آنے والے تارکین وطن سے نہیں بلکہ ان بانیوں اور ماہرین سے بڑھے گی جو یہاں اپنی زندگی سنوارنے کا انتخاب کرتے ہیں۔

برطانوی ایسٹ مینجمنٹ فرم سینٹ جیمز پلیس کے جولائی میں ہانگ کانگ میں مقیم 450 متمول تارکین وطن کے ایک سروے میں شامل 74 فیصد افراد نے کہا کہ وہ کم از کم آٹھ سال اس شہر میں قیام کا ارادہ رکھتے ہیں جبکہ 67 فیصد بہتر مالیاتی فوائد کے باعث یہیں ریٹائر ہونا چاہتے ہیں۔

روزگار کے شاندار مواقع لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کرتے ہیں جبکہ شہر کے پوشیدہ فوائد جیسے تحفظ، پرسکون قدرتی ماحول، صحت و تعلیم کا بہترین نظام اور کم ٹیکس انہیں یہیں کا رہنے میں مدد دیتے ہیں۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں