بیجنگ (شِنہوا) سابق چینی وزیراعظم ژو رونگ جی کی آخری رسومات بیجنگ میں ادا کر دی گئیں۔
صدر شی جن پھنگ اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ (سی پی سی) اور ریاست کے دیگر اعلیٰ رہنماؤں، جن میں لی چھیانگ، ژاؤ لے جی، وانگ ہوننگ، تسائی چھی، ڈنگ شوئے شیانگ، لی شی اور ہان ژینگ شامل تھے، نے منگل کی صبح باباؤشان انقلابی قبرستان میں ژو رونگ جی کی آخری رسومات میں شرکت کی۔
انہوں نے سوگوار دھنوں کے درمیان ژو کے جسد خاکی کی جانب آہستہ آہستہ قدم بڑھائے اور خاموشی سے کھڑے ہو کر خراج عقیدت پیش کیا۔ اس کے بعد انہوں نے تین بار جھک کر آخری سلام پیش کیا اور ژو کے اہل خانہ سے مصافحہ کیا۔ ہو جن تاؤ نے ژو کے انتقال پر تعزیت کے اظہار کے لئے پھولوں کی چادر بھیجی۔
ژو رونگ جی 12 اگست کو بیجنگ میں علالت کے باعث 98 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔
وہ سی پی سی کی 14ویں اور 15ویں مرکزی کمیٹیوں کے سیاسی دفتر کی قائمہ کمیٹی کے رکن رہے۔
ژو رونگ جی کو تعزیتی بیان میں کمیونسٹ پارٹی کے ایک نمایاں رکن، آزمودہ اور وفادار کمیونسٹ مجاہد اور ایک ممتاز پرولتاری انقلابی، مدبر اور پارٹی و ریاست کے رہنما کے طور پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔


