راولپنڈی (لارڈ میڈیا): راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔ نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 17 فٹ تک پہنچ گئی ہے۔ گولڑہ میں 144 اور بوکرہ میں 132 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
پیر ودھائی میں 105، گوالمنڈی میں 77، شمس آباد میں 41 اور کچہری میں 60 ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔ موسلادھار بارش کے باعث گوالمنڈی پل کے مقام پر پانی کا بہاؤ 15 فٹ تک پہنچ گیا ہے۔ ڈھوک کھبہ اور صادق آباد میں پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہو چکا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے نالہ لئی کے آس پاس کی آبادی کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج سے 21 اگست تک ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، بالائی پنجاب، بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش ہو سکتی ہے۔ فلڈ فارکاسٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق دریائے سندھ میں تربیلا ڈیم، کالاباغ، چشمہ، تونسہ اور گڈو بیراج پر نچلے درجے کے سیلاب ہیں، جبکہ ملک کے باقی دریاؤں میں صورتحال معمول پر ہے۔


