ہومتازہ ترینچین کے سنکیانگ میں غیرملکی مسافروں کے لئے ادائیگی کی سہولیات میں...

چین کے سنکیانگ میں غیرملکی مسافروں کے لئے ادائیگی کی سہولیات میں بہتری

ارمچی (شِنہوا) چین کے شمال مغربی سنکیانگ ویغور خودمختار علاقے میں 2026 کی پہلی ششماہی کے دوران ایک لاکھ 80 ہزار سے زائد غیر ملکی سیاحوں نے موبائل ادائیگی کی سہولت استعمال کی جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 45 فیصد زیادہ ہے۔

اس عرصے کے دوران غیر ملکی سیاحوں کی موبائل کے ذریعے ادائیگیوں کا مجموعی حجم تقریباً 70 کروڑ یوآن (تقریباً 10کروڑ 30 لاکھ امریکی ڈالر ) رہا۔

سنکیانگ میں بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کے لئے ادائیگی کی سہولیات مزید آسان بنائی جا رہی ہیں۔ اب سیاح اضافی ایپس ڈاؤن لوڈ کئے بغیر اپنے ملک یا علاقے کے ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے براہ راست ادائیگی کر سکتے ہیں۔ علاقائی حکومت کے مطابق یہ سہولت اب 37 ممالک اور خطوں کے 228 غیر ملکی ای والٹس تک پہنچ چکی ہے۔

اس کے علاوہ رواں سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران سنکیانگ میں غیر ملکی بینک کارڈز کے ذریعے لین دین ایک لاکھ 48 ہزار تک پہنچ گیا جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 1.68 گنا زیادہ ہے۔ علاقے میں اب 58 ہزار 500 کاروباری ادارے غیر ملکی بینک کارڈز سے ادائیگی قبول کرتے ہیں۔

ٹیکس ریفنڈ اور رقوم کی تبدیلی کی سہولتیں بھی بہتر بنائی گئی ہیں۔ علاقائی دارالحکومت ارمچی میں 16 ٹیکس ریفنڈ سٹورز اب آن لائن ٹیکس واپسی کی سہولت فراہم کر رہے ہیں جس کا عمل تقریباً پانچ منٹ میں مکمل ہو جاتا ہے۔ بیرون ملک سے آنے والے مسافر پورے سنکیانگ میں تقریباً 5 ہزار مقامات پر کرنسی تبدیل کر سکتے ہیں۔

یہ اقدامات ایسے وقت میں کئے گئے ہیں جب چین اپنے ملک کو مزید کھولنے اور زیادہ سے زیادہ بین الاقوامی سیاحوں اور کاروباری مسافروں کو راغب کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ چین نے حالیہ برسوں میں بغیر ویزا داخلے کی پالیسیوں میں توسیع کی ہے جس کے تحت غیر ملکی شہریوں کو زیادہ طویل قیام اور وسیع تر سفری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

قومی امیگریشن انتظامیہ کے اعداد و شمار کے مطابق 2026 کی پہلی ششماہی میں غیر ملکی شہریوں کی بغیر ویزا آمد میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 30.6 فیصد اضافہ ہوا اور یہ تعداد ایک کروڑ 78 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔

پیپلز بینک آف چائنہ کی سنکیانگ شاخ کے نائب سربراہ لی بو نے کہا کہ ان اقدامات سے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کے لئے ادائیگی اور ٹیکس ریفنڈ کا عمل زیادہ آسان ہو گیا ہے، جس سے سنکیانگ میں ان کے ادائیگی کے تجربے میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں