اسلام آباد: پاکستان کو بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے 1.2 ارب ڈالر کی قسط ملنے کا امکان ہے، جس کے لئے حکومت نے تیاری شروع کردی ہے۔ آئی ایم ایف کا وفد اگلے ماہ پاکستان کا دورہ کرے گا تاکہ اقتصادی جائزہ پر مذاکرات ہوسکیں۔
وزارت خزانہ نے تمام متعلقہ وزارتوں اور ڈویژنز کو آئی ایم ایف کے ساتھ اگلی قسط کے لیے طے شدہ شرائط اور اسٹرکچرل بنچ مارکس پر عملدرآمد کے حوالے سے ہدایات جاری کردی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کا وفد پاکستان کی اقتصادی ٹیم کے ساتھ 7 ارب ڈالر کے ای ایف ایف پروگرام کی اگلی قسط کے لیے مذاکرات کرے گا۔ مذاکرات کامیاب ہونے پر آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کے ساتھ پاکستان کو 1.2 ارب ڈالر کی قسط مل جائے گی۔
آئندہ ماہ ہونے والے مذاکرات میں ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق آر ایس ایف پروگرام کا بھی جائزہ لیا جائے گا اور اس حوالے سے متعلقہ وزارتوں کو تیاری کی ہدایت دی گئی ہے۔
آئی ایم ایف جائزہ مشن کو نئے بجٹ پر عمل درآمد، اسٹرکچرل اصلاحات کے اہداف اور نجکاری پروگرام میں پیشرفت سے آگاہ کیا جائے گا جبکہ زرمبادلہ ذخائر میں اضافے، پالیسی ریٹ اور مہنگائی کے اثرات پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔
پاکستان کو ای ایف ایف کی پانچویں قسط کی مد میں ایک ارب ڈالر اور ماحولیاتی تبدیلی کے پروگرام کے تحت 20 کروڑ ڈالر ملنے کا امکان ہے۔ اب تک پاکستان کو دونوں پروگرامز کے تحت 4.8 ارب ڈالر مل چکے ہیں جبکہ مزید 3 ارب ڈالر سے زائد ملنے کی توقع ہے۔


