اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے خبردار کیا ہے کہ اگر جمعرات کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کروائی گئی تو پورے پاکستان کو ڈی چوک بنا دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر بانی چیئرمین کو کچھ ہوا تو اس کے ذمہ دار وزیراعظم اور دیگر عہدیدار ہوں گے۔
خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں سلمان اکرم راجہ سمیت دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے اعلان کیا کہ جمعرات کو تمام پارلیمنٹرین اڈیالہ جیل جائیں گے اور سپریم کورٹ کے سامنے دھرنا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی فیملی نے گارنٹی دی ہے کہ ملاقات کے دوران کوئی سیاسی بات نہیں ہوگی۔
وزیر اعلیٰ نے مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کا بہترین علاج ہونا چاہئے اور ان کی صحت کے حوالے سے تشویش ختم ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو گرفتار نہیں بلکہ اغوا کیا گیا ہے اور ان کی صحت کا ذمہ دار پورا نظام ہے۔
سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ پاکستان کا نوجوان نفرت اور غصے کی حالت میں ہے اور بے روزگاری برداشت نہیں کر پا رہا۔ انہوں نے کہا کہ 27 ستمبر کو پوری قوم باہر ہوگی اور پھر کسی کے پاس سنبھالنے کا موقع نہیں ہوگا۔


