ریاض (لارڈ میڈیا): امریکا نے یمن میں حوثی حملوں کے خلاف اپنی حمایت جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بحری سلامتی اور دہشت گردی کے خلاف کارروائی واشنگٹن کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔ امریکی مشن برائے یمن کے ناظم الامور نیل ہوپ نے ریاض میں یمنی صدارتی قیادت کونسل کے سربراہ رشاد العلیمی سے ملاقات کی۔
اس ملاقات میں نیل ہوپ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی یمن سے متعلق پالیسی ترجیحات سے آگاہ کیا اور کہا کہ امریکا یمن کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔ امریکی حکام کے مطابق اس تعاون میں خاص طور پر بحری سلامتی اور دہشت گردی کے خلاف اقدامات شامل ہیں۔
واشنگٹن نے بحیرہ احمر اور خطے کے دیگر اہم سمندری راستوں میں محفوظ بحری آمدورفت کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ امریکی سفارتخانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان میں کہا کہ نیل ہوپ نے یمنی قیادت کے ساتھ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر بھی بات چیت کی۔
یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب یمن میں حوثی باغیوں اور حکومتی فورسز کے درمیان کشیدگی بڑھ رہی ہے۔ حوثیوں کی جانب سے بحیرہ احمر اور دیگر اہم سمندری راستوں میں حملوں کے باعث عالمی بحری تجارت اور خطے کی سکیورٹی کو خدشات کا سامنا ہے۔
امریکا کا کہنا ہے کہ یمن میں بحری سلامتی کو بہتر بنانا نہ صرف یمنی عوام بلکہ عالمی تجارت کے لیے بھی اہم ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق امریکا کی جانب سے یمن کی حمایت کا تازہ اعلان خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں اہم ہے۔


