آزاد کشمیر (لارڈ میڈیا): آزاد کشمیر کے عام انتخابات کے تیسرے اور آخری مرحلے میں آج ضلع باغ اور حویلی میں انتخابی دنگل سجے گا۔ دو اضلاع کی چار نشستوں پر ہونے والے یہ انتخابات حکومت سازی کے لیے انتہائی اہم ہیں۔
چار جنرل نشستوں پر 82 امیدواروں کے درمیان سیاسی مقابلہ ہوگا جبکہ 4 لاکھ 60 ہزار سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز امیدواروں کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔ ضلع باغ میں انتخابی معرکہ باغ اور حویلی کے چار حلقوں پر مشتمل ہوگا، جہاں سیاسی جماعتوں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔
انتخابی میدان میں بڑی جماعتوں کے ساتھ ساتھ آزاد امیدوار بھی مقابلے میں شامل ہیں۔ ضلع باغ کے حلقے LA-14 باغ 1، LA-15 باغ 2، LA-16 باغ 3 اور LA-17 باغ و حویلی کہوٹہ میں الیکشن کمیشن نے 803 پولنگ اسٹیشنز اور 1254 پولنگ بوتھ قائم کیے ہیں۔
انتخابات کے دوران 5 ہزار سے زائد انتخابی عملہ ڈیوٹی سرانجام دے گا۔ آج کے نتائج آزاد کشمیر کی نئی قانون ساز اسمبلی کی مجموعی تصویر مکمل کریں گے اور یہ طے کریں گے کہ آئندہ پانچ برس اقتدار کا تاج کس جماعت کے سر پر سجے گا۔


